ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے جمعرات کو سینیٹ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ نہروں کا مسئلہ حکومت سندھ کے ساتھ مشاورت کے ذریعے ’آئین اور قانون کے مطابق‘ حل کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران اپوزیشن کے تحفظات کا جواب دیتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے انکشاف کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سینئر وزیر رانا ثناء اللہ کو سندھ کی قیادت سے باضابطہ طور پر بات چیت کا ٹاسک دیا ہے۔
انہوں نے پانی کی تقسیم کے تنازعے پر مفاہمتی نقطہ نظر کا اشارہ دیتے ہوئے زور دے کر کہا کہ کس کی حق تلفی نہیں ہوگی۔
ایک متعلقہ پیشرفت کے طور پر، وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ساتھ بات چیت کریں اور پانی کے بڑھتے ہوئے تنازع اور نہروں کے مسئلے کو حل کریں۔
یہ ہدایت پانی کی تقسیم اور نہری منصوبوں کے حوالے سے بڑھتی ہوئی کشیدگی پر دی گئی ہے۔
دریں اثناء وفاق اور سندھ حکومت نے دریائے سندھ پر 6 نہروں کے منصوبے پر بات چیت پر اتفاق کیا ہے۔
سینیٹ اجلاس کے آغاز میں سینیٹر پلوشہ محمد زئی خان کے مرحوم والد، سینیٹر فیصل علی سبزواری کی والدہ مرحومہ، سعودی عرب میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی عمرہ زائرین اور ملک کے دفاع کے لیے مختلف واقعات میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
ایوان نے پوپ فرانسس کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی جو حال ہی میں انتقال کر گئے تھے۔
سینیٹ کا اجلاس جمعہ کی صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔