پنجاب واٹر اینڈ سینی ٹیشن اتھارٹی (پی ڈبلیو ایس اے) کے ڈائریکٹر جنرل طیب فرید نے صوبے کی تمام پانچوں واٹر اینڈ سینٹیشن ایجنسی(واساز) کو 31 مئی تک مون سون کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کا حکم دیتے ہوئے سیور لائنوں کی فوری صفائی، بھاری مشینری کی مرمت اور مون سون کیمپس قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ بات سرکاری خبررساں ادارے اے پی پی نے اپنی رپورٹ میں بتائی ہے۔

واسا کے تمام منیجنگ ڈائریکٹرز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے طیب فرید نے کہا کہ پانی اور سیوریج کی خدمات کو برقرار رکھنے کے لیے ریونیو کی وصولی انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیور لائنوں اور نالوں کی صفائی، بھاری مشینری کی مرمت، مون سون کیمپس کے بروقت قیام کے ساتھ ساتھ تربیتی مشقیں اور نشیبی علاقوں کی نشاندہی میں تیزی لائی جائے تاکہ 15 جون سے شروع ہونے والے پری مون سون سیزن سے پہلے تمام انتظامات مکمل ہوجائیں۔

پی ڈبلیو ایس اے کے ڈائریکٹر جنرل نے تمام واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسیوں (واسا) کی کارکردگی اور مون سون سیزن کے لئے ان کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں پانچوں واسا کے منیجنگ ڈائریکٹرز اور افسران نے شرکت کی۔ طیب فرید نے تمام اداروں کی ریونیو ریکوری کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ واسا کی کارکردگی کا انحصار محصولات کی وصولی پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ریونیو ریکوری پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ شہریوں کو پانی اور سیوریج کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ایم ڈی واسا راولپنڈی محمد سلیم اشرف نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ واسا راولپنڈی مون سون کی تیاری کے لیے سیور لائنوں کی صفائی پر تیزی سے کام کر رہا ہے جو 31 مئی سے قبل مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایجنسی کے پاس سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے سککر مشین اور جیٹنگ مشینوں جیسی بھاری مشینری اور ڈی واٹرنگ پمپ موجود ہیں جو فعال حالت میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سے لیہہ نالے اور شہر کے 15 دیگر بڑے نالوں کی صفائی کے لئے فنڈز کی درخواست کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ واسا راولپنڈی نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے نشیبی علاقوں کی نشاندہی مکمل کرلی ہے اور بارشوں کے دوران بھاری مشینری کے ساتھ ان مقامات پر تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مون سون سے پہلے ہر سال کی طرح اس سال بھی ریسکیو 1122 اور دیگر تنظیموں کے ساتھ ایک تربیتی مشق کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس کے تحت لیہہ نالہ اور راول ڈیم میں مشقیں کی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر میں پانچ مون سون کیمپ لگائے جائیں گے جہاں بارش کے دوران عملہ بھاری مشینری کے ساتھ چوبیس گھنٹے موجود رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ واسا ہیڈ آفس میں ایک کنٹرول روم قائم کیا جا رہا ہے جہاں سے شہر بھر میں مانیٹرنگ کے ساتھ ساتھ شہریوں کی شکایات کے اندراج کا عمل بھی کیا جائے گا۔

ریونیو ریکوری کے حوالے سے ایم ڈی واسا راولپنڈی نے بتایا کہ ادارے نے گزشتہ سال 1.57 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 1.7 ارب روپے کی ریکوری کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رواں مالی سال کے لئے محصولات کی وصولی کا تخمینہ 2.3 ارب روپے لگایا گیا ہے جبکہ موجودہ ریکوری کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اضافی ریکوری کی توقع کی جارہی ہے۔