پاکستان

اسلام آباد، پنجاب اور پختونخوا کے مختلف شہروں میں 5.9 شدت کے زلزلے کے شدید جھٹکے

  • زلزلے کا مرکز تاجکستان اور افغانستان کا سرحدی علاقہ تھا
شائع اپ ڈیٹ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ صبح 11 بجکر 47 منٹ پر آیا جس کی شدت 5.9 اور گہرائی 94 کلومیٹر تھی۔

خیبرپختونخوا میں پشاور، نوشہرہ، لوئر دیر، مالاکنڈ اور گرد و نوح میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

اس کے علاوہ مردان، سوات، باجوڑ، دیر بالا، شبقدر، مہمند اور چترال میں بھی محسوس کیے گئے۔

پنجاب میں راولپنڈی، لاہور، منڈی بہاؤ الدین، حافظ آباد اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلے سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز تاجکستان اور افغانستان کا سرحدی علاقہ تھا۔

جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز (جی ایف زیڈ) کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کی سرحد پر 92 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔