نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ایک موسمیاتی ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران پنجاب اور اسلام آباد کے کچھ حصوں میں موسم میں انتہائی تبدیلی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

این ای او سی نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا کہ مغربی ہواؤں کے ایک تیز سلسلے کے سبب مختلف علاقوں میں موسمی صورتحال متغیر ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں آندھی، موسلہ دھار و طوفانی بارش ہوسکتی ہے جبکہ بعض مقامات پر اولے بھی گرنے کا امکان ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد، راولپنڈی، پنجاب کے بالائی اضلاع اٹک، چکوال، گجرات اور جہلم بھی شامل ہوں گے جبکہ اس حوالے سے پوٹوہار کا ذکر خاص طور پر کیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق، وسطی پنجاب کے علاقے جیسے فیصل آباد، حافظ آباد، جھنگ، خوشاب، میانوالی، لاہور، نارووال، ساہیوال، سرگودھا اور شیخوپورہ بھی اس دوران شدید موسم کا سامنا کر سکتے ہیں۔

این ای او سی نے یہ بھی پیشگوئی کی ہے کہ موسلا دھار بارش اور تیز ہوائیں کمزور درختوں کے گرنے کا سبب بن سکتی ہیں اور اس سے عارضی بجلی کی بندش ہو سکتی ہے۔ آندھی اور اولے خستہ حال عمارتوں، چھتوں، گاڑیوں اور بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ مزید برآں، ژالہ باری کھڑی فصلوں کے لیے سنگین خطرات پیدا کر سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے مزید خبردار کیا کہ دریا، نالوں اور چھوٹے ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہوسکتی ہے جبکہ 18 سے 20 اپریل کے دوران دیر، سوات، کوہستان، چترال، مانسہرہ، کرم، خیبر، مہمند، باجوڑ اور نیلم وادی کے نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ 18 اور 20 اپریل کو ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژن کے بعض علاقوں میں درمیانی سے تیز درجے کی بارش کے سبب سیلابی صورتحال کا زیادہ خطرہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو تازہ ترین موسم کی صورتحال سے آگاہ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے لیے حساس مقامات کا سفر کا ارادہ کرنے والے افراد کو متعلقہ مقامات سے متعلق سڑکوں کی خبر گیری رکھنی چاہئے اور تیز بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنا چاہیے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیے جبکہ مقامی حکام کی طرف سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کرنا چاہیے۔

این ڈی ایم اے نے عوام سے درخواست کی کہ وہ ”پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ“ کا استعمال کریں تاکہ سفر سے پہلے موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہ سکیں۔