دفتر خارجہ نے جمعے کو تصدیق کی ہے کہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کل (ہفتہ) کو کابل کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ اس دورے کا طویل عرصے سے انتظار کیا جارہا ہے اور یہ افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی کی دعوت پر ہو رہا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار افغانستان کے عبوری وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند اور ان کے ہم منصب امیر خان متقی سے ملاقات کریں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ قائم مقام افغان وزیر خارجہ کی دعوت پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح وفد کل کابل روانہ ہوگا۔ یہ دورہ برادر ملک افغانستان کے ساتھ پائیدار تعلقات کو فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ملاقاتوں میں پاکستان اور افغانستان کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر بات چیت ہو گی تاکہ بالخصوص سیکورٹی اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان کی جانب سے افغان پناہ گزینوں کی ملک بدری، سرحدی جھڑپوں اور 2021 میں طالبان کے افغانستان پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کے بعد پاکستان میں عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
اس سے قبل وزیر خارجہ نے جمعرات کو دفتر خارجہ میں ہنگری کے وزیر خارجہ کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ جلد ہی کابل کا دورہ کریں گے۔
انہوں نے افغانستان کی صورتحال اور پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی جاری کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ میں جلد ہی افغانستان کا دورہ کروں گا۔