مارکٹس

ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں معمولی اضافہ

انٹربینک مارکیٹ میں جمعہ کو کاروبار کے ابتدائی سیشن کے دوران ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 0.06 فیصد کا اضافہ...
شائع اپ ڈیٹ

انٹربینک مارکیٹ میں جمعہ کو کاروبار کے ابتدائی سیشن کے دوران ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 0.06 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

صبح 9 بجکر 53 منٹ پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 17 پیسے کی بہتری سے 280.45 روپے کا ہوگیا۔

یاد رہے کہ جمعرات کو ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 280.62 پر بند ہوا تھا۔

4 مارچ 2025 کے بعد سے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی کارکردگی


بین الاقوامی سطح پر جمعرات کو امریکی ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھنے میں آیا جب کہ یورو میں قدرے کمی آئی کیونکہ یورپی مرکزی بینک نے سال بھر میں ساتویں مرتبہ شرح سود میں کمی کی۔

اس ہفتے امریکی ڈالر (گرین بیک) بڑی حد تک مستحکم رہا اور یورو کے مقابلے میں محدود دائرے میں تجارت کرتا رہا۔ یہ استحکام گزشتہ ہفتے کی شدید گراوٹ کے بعد دیکھنے میں آیا، جو محصولات (ٹیرف) کے اقتصادی اثرات سے متعلق خدشات اور سرمایہ کاروں کی بیرونِ ملک سرمایہ کاری کی جانب منتقلی کے باعث پیدا ہوئی تھی۔

اسکوٹیابینک کے ایف ایکس اسٹریٹجسٹ ایرک تھیورٹ نے کہا کہ جی 10 کی زیادہ تر کرنسیوں نے حالیہ عرصے میں خاصی مضبوط کارکردگی دکھائی ہے، اور میرا خیال ہے کہ ہم اس وقت صرف ایک مختصر وقفے کے مرحلے میں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری درمیانی مدت کی رائے اب بھی امریکی ڈالر کے لیے منفی ہے، اس لیے ہم موجودہ صورتحال کو صرف ایک وقتی استحکام یا ٹھہراؤ کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

تاجر بڑی باریکی سے امریکہ اور اس کے تجارتی شراکت داروں کے درمیان ہونے والی بات چیت پر نظر رکھے ہوئے ہیں، تاکہ کسی ایسے معاہدے کے اشارے مل سکیں جو ٹرمپ انتظامیہ کے اہداف پر کچھ وضاحت فراہم کر سکے۔