وفاقی حکومت نے 16 اپریل 2025 سے پٹرول پر پٹرولیم لیوی (پی ایل) میں 8.02 روپے فی لٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) پر 7.01 روپے فی لٹر اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،اس اضافے کے بعد لیوی کی شرح مقررہ حد 70 روپے فی لٹر سے تجاوز کرگئی ہے۔

حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 8.93 روپے فی لٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 7.73 روپے فی لٹر کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کے بجائے اسے ٹیکسز اور شرح تبادلہ میں ایڈجسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پٹرول کی اوسط قیمت (پلیٹس، دیگر اخراجات اور ڈیوٹی سمیت) 161.04 روپے سے کم ہو کر 152.11 روپے فی لٹر ہو گئی ہے، یعنی 8.93 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کا ایکسچینج ریٹ، جو گزشتہ پندرہ روزہ جائزے میں صفر تھا، اب 1.09 روپے فی لٹر مقرر کیا گیا ہے۔ ایکس ریفائنری قیمت 161.03 روپے سے گھٹ کر 153.21 روپے فی لٹر ہوگئی ہے، یعنی 7.83 روپے کی کمی۔ ان لینڈ فریٹ ایکولائزیشن مارجن (آئی ایف ای ایم) بھی 7.09 روپے سے کم ہو کر 6.89 روپے فی لٹر کردیا گیا ہے، یعنی 20 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پلیٹس کی اوسط قیمت، اخراجات اور ڈیوٹی سمیت فی لٹر 168.13 روپے سے کم ہو کر 160.40 روپے ہو گئی ہے، یعنی فی لٹر 7.73 روپے کی کمی ہوئی ہے۔ پاکستان اسٹیٹ آئل کا ایکسچینج ریٹ 1.01 روپے فی لٹر مقرر کیا گیا ہے جبکہ 29 مارچ کی پچھلی پندرہ روزہ جائزہ رپورٹ میں یہ شرح صفر رکھی گئی تھی۔ ایکس ریفائنری قیمت 168.13 روپے سے کم ہو کر 161.41 روپے فی لٹر ہوگئی ہے، یعنی فی لٹر 6.72 روپے کی کمی آئی ہے۔ ان لینڈ فریٹ ایکوالائزیشن مارجن ) میں 41 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جو 4.00 روپے سے کم ہو کر 3.59 روپے فی لٹر ہوگیا ہے۔