برآمدات کو فروغ دینے کی کوشش کے تحت وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو برآمدی صنعتوں کیلئے خام مال اور مشینری کی درآمد میں سہولت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ماہرینِ صنعت سے مزید مشاورت کی ہدایت کی۔

برآمدات پرمبنی معیشت کو سہارا دینے کی حکومتی کوشش کے سلسلے میں وزیراعظم نے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں ایکسپورٹ فیسلیٹیشن اسکیم (ای ایف ایس) کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسکیم کی عبوری سفارشات کو حتمی شکل دینے سے پہلے صنعت کاروں اور کاروباری تنظیموں سے مزید مشاورت کی ہدایت دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ”برآمدات سے حاصل ہونے والی آمدنی میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے“ اور زور دیا کہ آئندہ بجٹ میں صنعتی شعبے کی آراء کو شامل کیا جائے۔

انہوں نے مقامی صنعت کاروں کیلئے مساوی مواقع فراہم کرنے اور پیداواری لاگت میں کمی کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کیلئے مسابقت برقرار رکھی جا سکے۔

یاد رہے کہ ای ایف ایس اسکیم کا مقصد صنعتی لاگت میں کمی اور برآمدی حجم میں اضافہ ہے، تاہم یہ اسکیم اب تک خاطر خواہ نتائج نہیں دے سکی، جس کی بڑی وجوہات میں مہنگی توانائی اور پیچیدہ ضوابط شامل ہیں۔

اجلاس میں وزراء اور برآمدی شعبے کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025