فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس رجسٹرڈ افراد کے لیے سیلز ٹیکس دستاویزات کی شرائط میں مزید اضافہ کردیا ہے اور سیلز ٹیکس ریٹرن فارم میں ترمیم کی ہے تاکہ مقامی اور گھریلو سپلائی پر موصول ہونے والی ادائیگیوں کی تفصیلات حاصل کی جا سکیں۔

اس مقصد کے لیے ایف بی آر نے سیلز ٹیکس رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کے لیے ماہانہ سیلز ٹیکس ریٹرن میں ’ڈومیسٹک سیلز ٹیکس انوائسز کے عوض موصول ہونے والی ادائیگی‘ کی تفصیلات جمع کرانا لازمی قرار دے دیا ہے۔

ایف بی آر نے سیلز ٹیکس رولز کے تحت سیلز ٹیکس ریٹرن فارم میں ترمیم کے لیے ایس آر او 578/2025 جاری کردیا ہے۔

ایس آر او 578 (ایل)/2025 کے تحت ایف بی آر نے سیلز ٹیکس رولز 2006 میں مزید ترمیم کرتے ہوئے ”اینکس اے“ (ڈومیسٹک پرچیز انوائس) اور اینکس سی (ڈومیسٹک سیلز انوائسز) پر نظر ثانی کی ہے۔ ایف بی آر نے سیلز ٹیکس ریٹرن میں نیا ”اینکس سی ایل“ شامل کیا ہے تاکہ ٹیکس دہندگان خریدار کی تفصیلات، انوائس کی تفصیلات اور موصول ہونے والی ادائیگی کی تفصیلات فراہم کرسکیں۔