وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے امن، ترقی اور سماجی بہتری کے فروغ میں کھیلوں کے اہم کردار پر زور دیا۔

کھیلوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ کھیل اور امن کا عالمی دن منانے کا مقصد معاشرے میں کھیلوں کے مثبت کردار کو اُجاگر کرتا ہے، اسپورٹس ایونٹس معاشرے میں امن اور ترقی کی راہ ہموار کرتے ہیں، امن اور کھیل لازم و ملزوم ہیں، امن ہوگا تو کھیل ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے نوجوانوں، بزرگ شہریوں، معذور افراد اور پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت تمام افراد کو کھیلوں کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے حکومتی عزم پر زور دیا۔

نوجوانوں کی ترقی میں کھیلوں کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں ٹیم ورک، مسابقت اور برداشت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لئے پنجاب حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی نشاندہی کی جن میں کھیلتا پنجاب پروگرام کا آغاز بھی شامل ہے جس کا مقصد کھیلوں میں شرکت میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پنک گیمز امن اور مساوی ترقی کی علامت ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے یقین دلایا کہ حکومت نوجوانوں کی سہولت کے لئے کھیلوں کے نئے میدان اور جم تعمیر کررہی ہے۔ ہم پنجاب بھر میں 300 نئے کھیلوں کے میدان اور اسپورٹس کمپلیکس بنانے پر کام کررہے ہیں، ان منصوبوں سے سب کو مواقع میسر آئیں گے۔

اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے اسپورٹس انڈومنٹ فنڈز میں مزید اضافے کا وعدہ کیا تاکہ کھیلوں کی ترقی کے لئے تمام ضروری وسائل کی دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025