وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے صوبائی وزیر محنت فیصل ایوب کھوکھر نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے صوبائی وزیر محنت کو پنجاب میں دکانوں، ورکشاپوں اور چھوٹے اداروں میں کام کرنے والے ورکرز کی رجسٹریشن شروع کرنے کی ہدایت دی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ چھوٹے اداروں میں کام کرنے والے ورکرز کو لیبر ڈپارٹمنٹ میں رجسٹریشن کے بعد گرانٹس اور دیگر مالی فوائد ملیں گے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پنجاب بھر میں دکانوں، پٹرول پمپس اور فیکٹریوں میں کم از کم اجرت کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کم از کم اجرت کے فیصلے پر عملدآمد نہ کرنے والے اداروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم بھی دے دیا۔

انہوں نے صوبے بھر میں لیبر رجسٹریشن بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ دکانوں، ورکشاپس اور چھوٹے انڈسٹریل یونٹ میں کام کرنے والے ورکرز کی رجسٹریشن کی جائے گی۔

مریم نوازشریف نے انڈسٹریل یونٹس میں لیبر کے لئے ورکنگ کنڈیشن بہتر بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے لیبر کے لئے راشن کارڈ پروگرام کا جامع پلان بھی طلب کر لیا۔

مزید برآں وزیراعلیٰ نے شاہدرہ ٹیچنگ اسپتال میں کرنٹ لگنے سے کمسن بچے کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری صحت سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ذمہ داری کا تعین کرنے کے بعد غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025