کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن (کے ٹی بی اے) نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے سیلز ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ میں 28 مارچ 2025 تک توسیع کی درخواست کی ہے۔

چیئرمین ایف بی آر کو لکھے گئے خط میں کے ٹی بی اے نے آئی آر آئی ایس پورٹل میں حالیہ اپ ڈیٹس کے بعد سامنے آنے والے متعدد تکنیکی مسائل کی نشاندہی کی ہے جس کی وجہ سے ٹیکس دہندگان کے لیے اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود موجودہ ڈیڈ لائن پر عمل کرنا عملی طور پر ناممکن ہوگیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ آئی آر آئی ایس پورٹل میں نئے لازمی ہارمونائزڈ سسٹم (ایچ ایس) کوڈز کو 4 سے 8 ہندسوں تک اپ ڈیٹ نہ کرنے کی ناکامی نے کاروباری اداروں کے لیے سنگین مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ خاص طور پر وہ کاروبار جو متنوع مصنوعات سے وابستہ ہیں، انہیں شدید مسائل کا سامنا ہے، کیونکہ ان کی اشیاء مختلف ایچ ایس درجہ بندیوں میں آسکتی ہیں۔

کے ٹی بی اے نے کہا کہ یہ ابہام غلطیوں کے خطرے کو بڑھا سکتا ہے، خاص طور پر ان کاروباروں کے لیے جو بڑے پیمانے پر اور متنوع مصنوعات سے وابستہ ہیں۔ ایسے کاروباروں کے لیے رپورٹنگ میں یکسانیت برقرار رکھنا خاص طور پر مشکل ہو جائے گا۔

ٹیکس ادارے نے یونٹس آف میژرمنٹ (یواوایم) کو ایچ ایس کوڈز سے منسلک کرنے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ اس نے نشاندہی کی کہ پورٹل میں ٹن، کلوگرام، گرام، لٹر اور ملی لٹر جیسے تمام معیاری پیمائش کے یونٹس دستیاب نہیں ہیں۔ یواوایم کو ایچ ایس کوڈز کے ساتھ لازمی طور پر جوڑنے کو غیر عملی قرار دیا گیا، کیونکہ اس سے درست رپورٹنگ میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔

کے ٹی بی اے نے ایف بی آر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان تکنیکی مسائل کو فوری حل کرے اور فائلنگ کی آخری تاریخ مارچ کے اختتام تک بڑھائے، تاکہ ٹیکس دہندگان کو پورٹل کی مکمل فعالیت کے بعد مناسب وقت مل سکے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025