بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل نال میں بدھ کے روز سڑک کنارے ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں کم ازکم 4 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ یہ بات آج نیوز نے اپنی رپورٹ میں بتائی ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا اور یہ علاقے میں قبائلی شخصیات کو نشانہ بنانے کی کوشش ہوسکتی ہے۔

سیکورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو اطراف سے گھیر لیا ہے اور حملے کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پہنچ کر زخمیوں کو نال اور خضدار ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کی حملے کی مذمت

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کی بہترین طبی دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کا ہر قیمت پر خاتمہ کیا جائے گا اور امن دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

بلوچستان میں حالیہ مہینوں کے دوران تشدد کے واقعات رونما ہوئے ہیں اور سیکورٹی فورسز نے خطے میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔

2 دنوں میں ملک میں یہ دوسرا دہشت گرد حملہ ہے۔ منگل کے روز سیکورٹی فورسز نے بنوں چھاؤنی پر حملے کو ناکام بنا دیا تھا۔

عسکریت پسندوں نے دھماکہ خیز مواد سے لدی 2 گاڑیوں کو بنوں کینٹ کی دیواروں سے اس وقت ٹکرا دیا تھا جب بازار میں رش تھا۔

ان میں سے ایک گاڑی مارکیٹ سے متصل علاقے میں پھٹ گئی جس کے نتیجے میں قریبی مسجد کو شدید نقصان پہنچا اور عام شہری جاں بحق ہوئے۔

سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افطار کے دوران معصوم شہریوں اور ایک مسجد پر بزدلانہ حملہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ان عسکریت پسندوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔