وزیراعظم کی متحدہ عرب امارات کے آئی ایف زیڈ اے وفد سے ملاقات
- اقتصادی زون میں سرمایہ کاری کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کو اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کی انٹرنیشنل فری زونز اتھارٹی (آئی ایف زیڈ اے) اور علی رضا گروپ کے وفد سے ملاقات کی، جہاں دونوں فریقین نے پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔
آئی ایف زیڈ اے کے چیئرمین مارٹن گریگرز پیڈرسن اور علی رضا گروپ کے منیجنگ پارٹنر مانا علی محمد حماد الشمسی کی قیادت میں وفد نے پاکستان کے اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران آئی ایف زیڈ اے اور پاکستان کے سرمایہ کاری بورڈ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کا خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔
وزیر اعظم نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کے لئے اپنی حکومت کے عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ پاکستان ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کے ذریعے سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر نجکاری عبدالعلیم خان، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔
وفد نے شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کے معاشی استحکام کو سراہا۔
وفد نے ملک میں سرمایہ کاری کو وسعت دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
وفد کے اراکین نے کہا کہ پاکستان خطے میں سرمایہ کاری کے لئے سب سے پرکشش مارکیٹ کے طور پر ابھر رہا ہے۔