سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بحری امور کے چیئرمین فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ کمیٹی کی مداخلت سے کراچی کے پورٹ قاسم پر متنازع زمین کی فروخت کو روکا گیا جس سے ملک کو 60 ارب روپے کا نقصان پہنچنے سے بچایا۔

سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیصل واوڈا نے یہ بات کمیٹی کے اجلاس میں کہی جس میں میری ٹائم اثاثوں کے انتظام خصوصا پورٹ قاسم میں 500 ایکڑ اراضی کی فروخت سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے گزشتہ ماہ منعقدہ کمیٹی کے پچھلے اجلاس میں یہ مسئلہ اٹھایا تھا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں اہم بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا جس کے نتیجے میں فروخت منسوخ کردی گئی جس کے نتیجے میں قوم کو 60 ارب روپے کی بچت ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل واوڈا نے کمیٹی کی جانب سے فوری کارروائی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نے مداخلت نہ کی ہوتی اور کرپشن کو بے نقاب نہ کیا ہوتا تو ملک کو 60 ارب روپے کا نقصان ہوتا۔

بیان میں ان کے حوالے سے کہا گیا کہ ہماری اجتماعی کارروائی نے اس بات کو یقینی بنایا کہ ہماری سفارشات کے 72 گھنٹوں کے اندر جعلی فروخت منسوخ کردی جائے۔

کمیٹی نے پورٹ قاسم میں 500 ایکڑ اراضی کی فروخت کا جائزہ لیا جسے مبینہ طور پر صرف 2 فیصد ایڈوانس میں فروخت کیا گیا تھا جو اس کی اصل قیمت کا ایک چھوٹا سا حصہ ہے۔

سینیٹر واوڈا نے ٹرانزیکشن کے جواز پر سوال اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ60 ارب روپے مالیت کی زمین فروخت کرنے کے بعد صرف 2 فیصد لیا گیا۔ اگر یہ لین دین جائز تھا تو اسے 72 گھنٹوں کے اندر واپس کیوں کر دیا گیا؟

سینیٹ کے اعلامیے کے مطابق یہ زمین اصل میں 2006 میں صنعتی استعمال کے لیے الاٹ کی گئی تھی اور کمیٹی نے حکام سے سنا کہ مذکورہ معاملے میں عدالت سے باہر تصفیہ کیا گیا ہے۔

تاہم واوڈا نے شک کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ زمین اس کی اصل قیمت کے صرف 10 فیصد پر کیوں فروخت کی گئی اور بورڈ نے جلد کارروائی کیوں نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ پورٹ قاسم بورڈ کو 60 ارب روپے کی زمین صرف 5 ارب روپے میں فروخت کرنے کا اختیار کس نے دیا؟ فیصل واوڈا نے کہا کہ یہ ان کے دائرہ کار اور اختیار سے باہر ہے۔

انہوں نے بدانتظامی اور بدعنوانی کے مقدمات سے نمٹنے کے لئے تین آپشنز کا خاکہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ تھیار ڈال دو، بدعنوانی کو قبول کرو، یا اس کے خلاف لڑو۔

فیصل واوڈا نے ملک کو ہونے والے مالی نقصان کے ذمہ داروں کا احتساب کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

دریں اثنا سینیٹر دنیش کمار نے کراچی اور گوادر بندرگاہوں کے لئے مستقل چیئرمین کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے میری ٹائم سیکٹر میں مستحکم قیادت کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر قائم مقام چیئرمین شپ کو برقرار رکھنا ہے تو مستقل چیئرمین کو ہٹادیا جائے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ مناسب قیادت کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

کمیٹی نے متنازع زمین کی فروخت میں پورٹ قاسم بورڈ کے کردار پر بھی سوالات اٹھائے۔

بیان کے مطابق پورٹ قاسم حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ اس معاملے کو مناسب طریقے سے نمٹایا گیا ہے اور بورڈ نے اپنے حقوق کے اندر رہتے ہوئے کام کیا ہے۔

تاہم سینیٹر فیصل واوڈا نے اس دعوے کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ پورٹ قاسم نے نہ صرف بدنیتی سے زمین فروخت کی بلکہ بلخنم رازی منصوبے کا مقام بھی تبدیل کیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ زمین غیر معمولی طور پر کم قیمت پر فروخت کی گئی تھی، انہوں نے کہا کہ ایک غیر ملکی کمپنی ، جو واقعی غیر ملکی نہیں بلکہ مقامی تھی اور جس کا قابل اعتراض ٹریک ریکارڈ تھا، اس معاہدے میں ملوث تھی۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ کے اقدامات کا دفاع نہیں کیا جا سکتا، یہاں تک کہ ملٹری بورڈ، ڈکٹیٹر یا چیف جسٹس بھی اس طرح کے غلط کاموں سے بچ نہیں سکتے۔

کمیٹی کو پورٹ قاسم کی اراضی کی موجودہ صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔

پورٹ قاسم کے پاس تقریبا 14 ہزار ایکڑ زمین ہے جس میں سے 9 ہزار 574 ایکڑ لیز پر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اتھارٹی نے ایک ہزار ایکڑ زمین خریدی اور اسے سندھ حکومت سے 1250 ایکڑ زمین کا قبضہ ملنے کا انتظار ہے۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے مزید مطالبہ کیا کہ کارکردگی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے نجی شعبے کے ٹیکنوکریٹس اور کاروباری افراد کو پورٹ کے مینجمنٹ بورڈ میں شامل کیا جائے۔