پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے ملک کے مستقبل کی تشکیل میں ان کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے ملک کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔

بہاولپور میں مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء کے ساتھ بات چیت کے دوران آرمی چیف نے نوجوان ذہنوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ تعلیمی قابلیت کو آگے بڑھائیں اور خود کو قومی ترقی میں بامعنی کردار ادا کرنے کے لیے درکار مہارتوں سے آراستہ کریں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنرل عاصم منیر نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں۔

انہوں نے طلبا کی صلاحیتوں کی تعریف کی اور نوجوان ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کے مقصد سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے لئے فوج کی حمایت کا اعادہ کیا۔

آرمی چیف نے خود ذمہ داری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بے بنیاد تنقید کے بجائے اپنے فرائض اور کارکردگی پر توجہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم میں سے ہر ایک کو اپنی ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے اور بہتری کے لئے کوشش کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک عظیم مائیں پاکستان کے لئے قربانیاں دیتی رہیں گی اور نوجوان مسلح افواج کے ساتھ متحد رہیں گے تب تک ہمارے ملک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

جنرل عاصم منیر نے دہشت گردی سے پیدا ہونے والے چیلنجز اور اس طرح کی سرگرمیوں کی حمایت میں ایک منظم غیر قانونی گروہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔

آرمی چیف نے پاکستان کو اللہ تعالیٰ کی جانب سے ایک قیمتی تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بے پناہ وسائل اور صلاحیتوں سے مالا مال ہے۔

انہوں نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ اپنے عقائد پر ثابت قدم رہیں، اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کا احترام کریں اور معاشرے کی بنیادی اقدار کو برقرار رکھیں۔