سعودی کاروباری گروپ اسیاد ہولڈنگز اور وافی انرجی پاکستان جو پہلے شیل پاکستان لمیٹڈ تھا نے پاکستان میں سرمایہ کاری کو وسعت دینے کے ارادے کا اظہار کیا ہے جو پہلے ہی ان کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کی منزل ہے۔
یہ پیش رفت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے درمیان اسیاد ہولڈنگز سعودی عرب اور وافی انرجی پاکستان کی قیادت سے ملاقات کے دوران سامنے آئی۔
فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں اسیاد ہولڈنگز سعودی عرب کے سی ای او اور وافی انرجی پاکستان کے چیئرمین اسیاد غسان العمودی، وافی انرجی پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) اور سی ای او زبیر شیخ اور اسید ہولڈنگز کے ایس اے کے سی ایف او اور ڈائریکٹر وافی انرجی پاکستان جاوید اختر نے شرکت کی۔
وزیر خزانہ نے وفد کو خوش آمدید کہا اور ملک میں توانائی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں اسیاد ہولڈنگز اور وافی انرجی پاکستان کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے اور کاروبار دوست ماحول کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
وفد نے محمد اورنگزیب کو پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے کے منصوبوں سے آگاہ کیا اور اس بات کو اجاگر کیا کہ پاکستان پہلے ہی ان کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کی منزل بن چکا ہے۔
انہوں نے پاکستان کی اقتصادی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا اور پیٹرولیم سیکٹر اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں مزید تعاون کے لیے اپنے وژن سے آگاہ کیا۔
فنانس ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق کاروباری وفد نے پاکستان کی معیشت کی بحالی کے لیے محمد اورنگزیب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاروں اور صارفین کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔
انہوں نے حکومت کی جانب سے جاری اصلاحات اور مستحکم معاشی ماحول پیدا کرنے کے عزم کو سراہا۔
دریں اثناء وزیر خزانہ نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے اپنی حکومت کی مکمل حمایت اور سرمایہ کاری ، جدت طرازی اور پائیدار معاشی ترقی کو فروغ دینے والی پالیسیوں کے لئے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔
انہوں نے وفد کو العلا کانفرنس 2025ء کے لئے سعودی عرب کے اپنے حالیہ دورے کے بارے میں بھی آگاہ کیا، جس میں وژن 2030 کی قابل ذکر پیش رفت اور علاقائی معاشی تبدیلی پر اس کے اثرات کو اجاگر کیا گیا اور اقتصادی تنوع اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں مملکت کی پیش رفت کو سراہا گیا۔