پاکستان

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے سپریم کورٹ کے نئے ججز سے حلف لے لیا

  • اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے قائم مقام جج کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
شائع اپ ڈیٹ

آج نیوز نے رپورٹ کیا کہ چیف جسٹس آف پاکستان (سی جے پی) جسٹس یحییٰ آفریدی نے جمعہ کو اسلام آباد میں ایک تقریب میں سپریم کورٹ کے چھ نئے ججوں سے حلف لیا۔

تقریب میں سپریم کورٹ کے ججز اور وکلاء نے شرکت کی۔

حلف اٹھانے والے نئے ججوں میں جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ، جسٹس محمد شفیع صدیقی، جسٹس صلاح الدین پنہور، جسٹس شکیل احمد، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس اشتیاق ابراہیم شامل ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سپریم کورٹ کے قائم مقام جج کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

پیر کو جوڈیشل کمیشن آف پاکستان (جے سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور وکلا برادری کی مخالفت کے بعد سپریم کورٹ کے لئے ہائی کورٹ کے ان ججوں کے ناموں کی منظوری دی۔

پی ٹی آئی کے بیرسٹر گوہر علی خان اور سینیٹر علی ظفر کے علاوہ سپریم کورٹ کے دو ججوں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر نے جے سی پی کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا تھا۔

مزید برآں سپریم کورٹ میں ججوں کی تقرری کے معاملے پر وکلاء منقسم ہیں۔

وکلاء کے ایک حصے کا کہنا تھا کہ 26 ویں آئینی ترمیم اور تین ججوں کے اسلام آباد ہائی کورٹ میں حالیہ تبادلے پر عدالتی فیصلے تک یہ عمل ملتوی کیا جائے۔

دریں اثناء لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم نے پیر کو لاہور ہائیکورٹ کے نو تعینات ہونے والے ایڈیشنل ججز سے ایک سادہ تقریب میں حلف لیا۔

نئے ججز میں حسن نواز مخدوم، ملک وقار حیدر اعوان، سردار اکبر علی، سید احسن رضا کاظمی، ملک جاوید اقبال وینس، محمد جواد ظفر، خالد اسحاق، ملک محمد اویس خالد اور چوہدری سلطان محمود شامل ہیں۔

نئی تقرریوں کے بعد لاہور ہائی کورٹ میں ججوں کی منظور شدہ تعداد 60 کے مقابلے میں 43 ہوگئی ہے۔