پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے صوبہ خیبر پختونخوا میں انٹیلی جنس بیسڈ 2 مختلف آپریشنز کے دوران 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر 8 اور 9 فروری کی درمیانی شب ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے مدی میں دو کارروائیاں کیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طور پر نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں خارجی رحمت سمیت 3 خوارج کو جہنم واصل کردیا گیا جبکہ 2 خوارج زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں ایک اور کارروائی کے دوران مزید 4 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود کسی بھی خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرینس آپریشنزجا ری ہیں کیونکہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کا خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
بیان کے مطابق رواں ہفتے کے اوائل میں سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں آپریشن کے دوران پاکستان کے اندر دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ایک افغان شہری کو ہلاک کردیا تھا۔
مارے گئے دہشت گرد کی شناخت لقمان خان عرف نصرت ولد کمال خان کے نام سے ہوئی ہے جو افغانستان کے صوبہ خوست کے ضلع سپرا کا رہائشی تھا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ اس کی میت عبوری افغان حکومت کے حوالے کردی گئی کیونکہ وہ افغان شہری تھا۔