آرمی چیف کو لکھے گئے خط میں عمران خان نے پالیسی کا ازسرنو جائزہ لینے کا مطالبہ کیا ہے، بیرسٹرگوہر
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے پیر کے روز میڈیا کو بتایا کہ سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو خط لکھا ہے جس میں ان سے پالیسی کا ازسرنو جائزہ لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گوہر نے کہا کہ خط کا متن بعد میں منظر عام پر لایا جائے گا۔
بیرسٹر گوہر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اپنے خط میں عمران خان نے آرمی چیف کو یاد دلایا ہے کہ سابق وزیر اعظم اور ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے بانی چیئرمین کی حیثیت سے وہ ان وجوہات کو اجاگر کرنا چاہتے ہیں جن کی وجہ سے عوام اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان فاصلہ بڑھ گیا ہے۔
بیرسٹرگوہر کے مطابق عمران خان نے ”جعلی انتخابات“ اور منی لانڈرنگ کرنے والوں کی مبینہ حمایت کو ایک وجہ کے طور پر اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے 26ویں آئینی ترمیم کے عدلیہ کی آزادی اور قانون کی حکمرانی پر اثرات کو بھی نمایاں کیا۔
عمران خان نے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) میں حالیہ ترامیم، سوشل میڈیا پر کریک ڈاؤن، دہشت گردی کے الزامات، چھاپوں اور پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف طاقت کے استعمال پر بھی تنقید کی۔ بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ صحافیوں کو دھمکیاں فوج کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کا مزید کہنا ہے کہ “ان وجوہات کے لئے فوج کو مورد الزام ٹھہرایا جا رہا ہے، لہذا پالیسی وجوہات کا از سر نو جائزہ لیا جانا چاہئے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج کے ساتھ یکجہتی کا اظہاراور جوانوں کی قربانیوں کا اعتراف کیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان نے زور دے کر کہا کہ پوری قوم کو مسلح افواج کا ساتھ دینا چاہیے۔