سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کا پتہ لگایا اور 6 خوارج مار ڈالے۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران میجر اسرار (عمر: 29 سال، ضلع راولپنڈی کے رہائشی) اور سپاہی محمد نسیم (عمر: 26 سالہ، ساکن ضلع نصیر آباد) نے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر اسرار آپریشن کی قیادت کررہے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں مزید خوارج کے خاتمے کے لیے آپریشن کلین اپ جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
یاد رہے کہ 25 جنوری کو ضلع شمالی وزیرستان میں دو مختلف کارروائیوں میں 9 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جو سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہے۔