وزیراعظم سے امریکی وفد کی ملاقات، مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار

  • شہباز شریف کا سرمایہ کاروں کو سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ
29 جنوری 2025

وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے معروف ہیج فنڈ منیجر اور ٹرمپ خاندان کے قریبی کاروباری ساتھی گینٹری بیچ نے کی جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے منظرنامے اور معاشی امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران امریکی کاروباری وفد نے کان کنی اور معدنیات، قابل تجدید توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ٹیکنالوجی سمیت اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وفد کی جانب سے پاکستان میں کاروباری مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی پر اظہار تشکر کیا۔

انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار کاروباری ماحول، ہموار عمل اور مضبوط ادارہ جاتی حمایت کو یقینی بنا کر سہولت فراہم کرنے کے لئے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

وزیرِاعظم نے پاکستان کے اسٹریٹجک جغرافیائی محلِ وقوع، ماہر اور جوان ورک فورسور تیزی سے پھیلتی ہوئی کنزیومر مارکیٹ کو اجاگر کرتے ہوئے ملک کو عالمی سطح پر سرمایہ کاری کے لیے ایک منفرد اور پرکشش منزل کے طور پر پیش کیا۔

واضح رہے کہ نئی امریکی انتظامیہ کے اقتدار سنبھالنے کے فورا بعد ہونے والے اس دورے کو ایک اہم سفارتی اور اقتصادی سنگ میل کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

ملاقات کے دوران جینٹری بیچ نے پاکستان کی بے پناہ اقتصادی صلاحیتوں کو سراہا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے متنوع مواقع تلاش کرنے کیلئے اپنے وفد کے جوش و خروش سے آگاہ کیا۔

بیان کے مطابق بیچ نے حکومت کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کا اعتراف کیا اور ملک کی مستقبل کی ترقی کی راہ پر اعتماد کا اظہار کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ اعلیٰ سطح روابط براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے، پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور پاکستان کے عوام کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے حکومت کی فعال کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں۔

حال ہی میں امریکی صدارتی انتخابات کے بعد ٹرمپ کے مار لاگو میں ایک تقریب کے دوران بیچ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی لچک اور قربانیوں کی تعریف کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور ہزاروں جانیں ضائع ہوئی ہیں۔ پاکستان اپنی کوششوں کے لئے بے پناہ تعریف کا مستحق ہے۔

بیچ نے پاکستان کو ”ناقابل یقین ملک“ قرار دیتے ہوئے اس کے سرمایہ کاری دوست ماحول پر زور دیا، خاص طور پر ٹرمپ انتظامیہ کے تحت امریکی سرمایہ کاروں کے لئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی مثبت شراکت داروں اور اچھے دوستوں کی حیثیت سے امریکہ کے ساتھ مساوی شرائط پر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

بیچ نے اپنی تقریر میں امریکی صدر ٹرمپ پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنائیں۔

Read Comments