بلوچستان میں دہشتگردوں کا حملہ، 2 جوان شہید، 5 دہشتگرد ہلاک

28 جنوری 2025

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان میں سیکورٹی فورسز کی چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں 2 فوجی جوان شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 5 دہشتگرد مارے گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے چوکی پر تعینات اہلکاروں نے مؤثر انداز میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنایا جس کے بعد دہشتگردوں نے دھماکہ خیز مواد سے لدی گاڑی چوکی کی بیرونی دیوار سے ٹکرا کر چوکی کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔

پاک فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ فوجیوں نے دہشتگردوں کا مقابلہ جواں مردی سے کیا اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو خودکش بمباروں سمیت تمام پانچ حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔

بیان میں شہید جوانوں میں سے ایک کی شناخت ضلع ٹانک کے رہائشی 39 سالہ نائیک طاہر خان کے نام سے کی گئی جبکہ دوسرے شہید کی شناخت لانس نائیک طاہر اقبال کے طور پر کی گئی ہے جو ضلع کرک کے رہائشی تھے، دونوں فوجی جوان مردانہ وار لڑتے کر جام شہادت نوش کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور گھناؤنے جرم کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی کوششیں جاری ہیں۔

بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے خطرات ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

پاکستان میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں حال ہی میں اضافہ ہوا ہے جبکہ پاکستان نے افغان طالبان پر سرحد پار حملوں کے ذمہ دار ٹی ٹی پی عسکریت پسندوں کو پناہ دینے کا الزام عائد کیا ہے۔

وفاقی حکومت نے حال ہی میں سفیر محمد صادق کو افغانستان میں پاکستان کا خصوصی ایلچی مقرر کیا ہے۔

وفاقی حکومت نے حال ہی میں سفیر محمد صادق کو افغانستان میں پاکستان کے خصوصی نمائندے کے طور پر دوبارہ تعینات کیا ہے۔

ان کی ذمہ داریوں میں سیکورٹی کے خدشات کو حل کرنے سمیت ٹی ٹی پی سے متعلق مسائل، افغان سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کے معاملات اور سفارتی تعلقات کو فروغ دینا شامل ہیں۔

Read Comments