سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے ہراساں کیے جانے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرنے والے چینی شہریوں کو ایس او پیز پر عمل کرنا چاہیے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ضیاء لنجار نے کہا کہ چینی شہریوں کو صوبائی حکومت کی جانب سے چینی قونصلیٹ آفس کے تعاون سے طے کردہ ایس او پیز کے مطابق قونصل جنرل یا دفتر خارجہ کے ذریعے اپنی شکایت درج کرانی چاہیے تھی۔
انہوں نے کہا کہ ان درخواست گزاروں کی پاکستان میں کوئی براہ راست سرمایہ کاری نہیں ہے اور نہ ہی ان کی درخواست قانونی طور پر درست ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ انہوں نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس کو ایک ٹیم تشکیل دینے اور کراچی میں چینی قونصل جنرل سے اس معاملے پر تبادلہ خیال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم چینی شہریوں کا بہت احترام کرتے ہیں لیکن انہیں چینی حکام کے ساتھ مل کر حکومت کی جانب سے طے کردہ ایس او پیز پر عمل کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی چینی قونصل جنرل سے ملاقات کریں گے تاکہ اس معاملے پر باضابطہ بیان سامنے آئے۔
گزشتہ ہفتے ضیاء لنجار نے کہا تھا کہ سندھ حکومت طے شدہ ایس او پیز کے مطابق چینی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور تمام متعلقہ معاملات اور اقدامات کو مناسب طریقے سے انجام دینے کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت اور سندھ پولیس کا مقصد باہمی تعاون کے ذریعے چینی سرمایہ کاروں کو سہولت اور تحفظ فراہم کرنا ہے۔
تاہم، یہ بھی ضروری ہے کہ اسپانسرز کو باقاعدگی سے مطلع کیا جائے اور ایس پی یو (اسپیشل پروٹیکشن یونٹ) کے افسران حفاظتی اقدامات کی نگرانی کے لئے اقدامات کریں۔