دفتر خارجہ نے پیر کے روز ’ون چائنا پالیسی‘ پر پاکستان کے عزم کو نشانہ بنانے والے بے سروپا اور بے بنیاد الزامات کو مسترد کردیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے پاکستان کے اس پالیسی پر پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یہ پالیسی ملک کے خارجہ تعلقات کا بنیادی ستون ہے۔
ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ چین پاکستان کا سدا بہار اسٹریٹجک پارٹنر ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ تعلقات باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار، اہم امور پر حمایت اور علاقائی و عالمی استحکام کے عزم پر استوار ہیں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے یہ وضاحت ان رپورٹس کے جواب میں سامنے آئی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران چین مخالف تقریب میں شرکت کی تھی۔
محسن نقوی نے اتوار کے روز ان الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں بدنیتی پر مبنی من گھڑت اور بے بنیاد مہم قرار دیا جس کا مقصد ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔
ہیوسٹن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ یوتھ ایونٹ میں ان کی شرکت کو غلط انداز میں پیش کیا گیا اور مبالغہ آرائی کی گئی۔
انہوں نے یقین دلایا کہ غلط معلومات اور جھوٹی افواہیں انہیں اپنی ذمہ داریوں سے نہیں بھٹکائیں گی اور انہوں نے اپنے فرائض کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
محسن نقوی نے بعض عناصر پر الزام عائد کیا کہ وہ امریکی کانگریس کو پاکستان کے خلاف اکسانے کی کوشش کر رہے ہیں اور سیاسی مخالفین پر زور دیا کہ وہ سیاسی فائدے کے لئے ملک کو خطرے میں نہ ڈالیں۔