پاکستان

مالی سال 25 کے لیے پاکستان کے غیر ملکی قرضوں کا بڑا حصہ پہلے ہی ادا کیا جا چکا ، سربراہ اسٹیٹ بینک

مالی سال 25 کے لیے پاکستان کے غیر ملکی قرضوں کا بڑا حصہ پہلے ہی ادا کیا جا چکا ہے، سربراہ اسٹیٹ بینک
شائع اپ ڈیٹ

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے لیے ملکی قرضوں کا بڑا حصہ پہلے ہی ادا کیا جا چکا ہے۔

اہم شرح سود کا اعلان کرنے کے لئے منعقدہ پریس کانفرنس میں اسٹیٹ بینک کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے افراط زر کے نقطہ نظر اور دیگر پیش رفتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے 100 بیسس پوائنٹس کی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

دریں اثنا بریفنگ کے بعد ایک سوال کے جواب میں گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران پاکستان کا غیر ملکی قرضہ 26.1 ارب ڈالر ہے۔ اس میں سے 16 ارب ڈالر کے قرضوں کی رقم یا تو اس کی تجدید کی جائے گی یا ادا کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ قرض دہندگان کے ساتھ 12.3 ارب ڈالر کی رقم رول اوورز( قرض کی مدت میں توسیع) پر اتفاق کیا گیا ہے جبکہ 3.7 ارب ڈالر کمرشل قرضے ہیں جن کی ادائیگی اور ری فنانس بھی کیا جائے گا۔

دریں اثنا، بقیہ 10-10.1 بلین ڈالر رواں مالی سال کے لئے مجموعی طور پر واجب الادا ہیں۔ 6.4 بلین ڈالر کی رقم پہلے ہی ادا کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح بقیہ مالی سال کے دوران 3.6 سے 3.7 ارب ڈالر کی بقیہ رقم واپس کرنے کی ضرورت ہے۔

مرکزی بینک کے سربراہ نے مزید کہا کہ قرض کا بڑا حصہ پہلے ہی ادا کیا جا چکا ہے جبکہ آنے والے مہینوں میں کثیر الجہتی قرض دہندگان کی طرف سے مزید سرمایہ کاری متوقع ہے۔

ایک سوال کے جواب میں جمیل احمد نے کہا کہ گزشتہ 2 ماہ یعنی دسمبر تا جنوری میں 2.3 سے 2.4 ارب ڈالر کی ادائیگی کی گئی ہے۔

ادائیگی کے باوجود گورنراسٹیٹ بینک کو توقع ہے کہ جون کے آخر تک زرمبادلہ کے ذخائر تقریباً 13 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے۔

ان کی یہ بریفنگ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مرکزی بینک کی ایم پی سی نے پیر کے روز اپنی کلیدی پالیسی ریٹ کو 13 فیصد سے کم کرکے 12 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ کمی مارکیٹ کے اندازوں کے مطابق تھی۔

مرکزی بینک نے جون 2024 میں شرح سود کو 22 فیصد کی بلند ترین سطح سے 1,000 بی پی ایس کم کیا، جو ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں مرکزی بینکوں کے درمیان سب سے زیادہ جارحانہ اقدامات میں سے ایک ہے اور کوویڈ 19 وبائی مرض کے دوران 2020 میں شرح سود میں 625 بی پی ایس کی بلند ترین کٹوتی ہے۔