پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے سی ای او اور سیکرٹری جنرل منیر کمال نے بزنس ریکارڈر کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو ارشد اے زبیری کے انتقال کو مالیاتی شعبے کے لیے بڑا نقصان قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ارشد زبیری کے بینکنگ انڈسٹری اور پوری کاروباری برادری کے ساتھ تاریخی تعلقات تھے۔
پی بی اے کے سربراہ نے کہا کہ ایک موقع پر ایسا لگتا تھا کہ وہ چندریگر روڈ کے مالک ہیں کیونکہ وہ تمام بینکوں کے سربراہان اور عہدیداروں کو جانتے ہیں۔
انہیں نہ صرف اسٹیٹ بینک کے سینئر افراد سمیت مالیاتی شعبے میں پسند کیا جاتا تھا بلکہ ان کا احترام بھی کیا جاتا تھا کیونکہ ان کے پاس پاکستان کے کاروبار کا وسیع ڈیٹا موجود تھا اور ہر شخص ان سے فائدہ اٹھا سکتا تھا۔
منیر کمال نے مزید کہا کہ ارشد زبیری کی توانائی انتہائی متاثر کن تھی، وہ میرے لیے ایک دوست اور بڑے بھائی کی طرح تھے۔
یاد رہے کہ ارشد زبیری 29 دسمبر کو 72 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے تھے۔ ان کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ اور تین بچے ہیں جو ان کے انتقال پر گہرے غم میں مبتلا ہیں۔
1952 میں پیدا ہونے والے ارشد زبیری نے 1973 میں امریکہ سے مکینیکل انجینئرنگ میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔ 1974 ء میں انہوں نے بزنس ریکارڈر گروپ کی اپیکس پرنٹری میں ٹیکنیکل ڈائریکٹر کی حیثیت سے شمولیت اختیار کی۔
1983 میں ارشد زبیری نے اخبار کی پروڈکشن کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے میں اہم کردار ادا کیا۔
ان کی قیادت میں بزنس ریکارڈر، جو ان کے مرحوم والد ایم اے زبیری نے قائم کیا تھا نے نمایاں ترقی حاصل کی اور پاکستان کے سرکردہ کاروباری و مالی روزنامے کے طور پر اپنی شناخت کو مستحکم کیا۔ ان کے اداریے پاکستان کی معیشت کی ڈی ریگولیشن اور لبرلائزیشن کے حق میں مضبوط آواز بنے۔