ڈسکوز کے سی ای او کی تقرری میں تاخیر، وزیراعظم کا اظہار تشویش

  • تقرری کا عمل جلد مکمل کیا جائے ،شہباز شریف کی حکام کو ہدایت
اپ ڈیٹ 28 دسمبر 2024

وزیرِاعظم شہباز شریف نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) کی تقرری میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا اور حکام کو ہدایت دی کہ تقرری کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے۔

وزیر اعظم آفس (پی ایم او) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہفتے کو ڈسکوز کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے زور دیا کہ سی ای اوز کی تقرری انتہائی شفافیت کے ساتھ مکمل کی جائے.

وزیرِاعظم شہباز شریف نے ہدایت دی کہ ڈسکوز میں بھرتیاں میرٹ کی بنیاد پر کی جانی چاہئیں، اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

اجلاس کے دوران لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے حکام کو ہدایت دی کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے اہداف کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے بلنگ سسٹم میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے اسمارٹ میٹر کی تنصیب کو تیزی سے مکمل کرنے پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اوور بلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اس طرح کی بدانتظامی میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ بجلی چوری کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔

جائزہ اجلاس کے دوران لیسکو، پیسکو اور فیسکو کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مالی سال 2024-25ء کے دوران نومبر تک لیسکو کی ریکوری 96.82 فیصد، پیسکو کی 87.98 فیصد اور فیسکو کی 97.57 فیصد رہی۔

رواں مالی سال نومبر تک ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن خسارے کے لحاظ سے لیسکو کا خسارہ 13.04 فیصد، پیسکو کا 33 فیصد اور فیسکو کا 6.01 فیصد رہا۔

اسمارٹ میٹر تنصیبات پر پیش رفت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا گیا کہ لیسکو جس کا ہدف 2 لاکھ 23 ہزار 365 تھری فیز اسمارٹ میٹرز نصب کرنا ہے، اب تک 49 ہزار 470 میٹر نصب کرچکا ہے۔

پیسکو کو ایک لاکھ 52 ہزار 559 اسمارٹ میٹرز نصب کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی جن میں سے اب تک 51 ہزار 173 نصب کیے جاچکے ہیں۔ جبکہ فیسکو نے ایک لاکھ 92 ہزار 311 اسمارٹ میٹرز نصب کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے اور اب تک 11 ہزار 276 میٹر ز نصب کرچکے ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ لیسکو، پیسکو اور فیسکو کے صارفین کو کال سینٹرز، ای میلز، ویب سائٹس، انٹرایکٹو وائس رسپانس، شکایات کے لیے نیپرا کی موبائل اور ویب سروسز اور دیگر خدمات تک رسائی حاصل ہے۔

اس کے علاوہ، بجلی کی ترسیل سے متعلق شکایات کے لیے تمام موبائل فون آپریٹرز کو ہیلپ لائن 118 تک مفت رسائی فراہم کی جارہی ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شازہ فاطمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریونیو علی پرویز ملک، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ سینئر سرکاری حکام نے شرکت کی۔

Read Comments