بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی پر چوتھے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز ڈیبیو کرنے والے آسٹریلیا کے اوپنر سیم کونسٹاس کے ساتھ الجھنے کی پاداش میں میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔

میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں چوتھے ٹیسٹ کے پہلے دن 10 ویں اوور کے اختتام پر کونسٹاس اپنے اوپننگ پارٹنر عثمان خواجہ کے ساتھ بات چیت کے لیے بڑھے تو کوہلی نے انہیں کندھا ماردیا جس پر شائقین نے بھارتی بیٹر کے اس عمل پر ناراضی کا اظہار کیا۔

کوہلی اور کونسٹاس ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئے اور ان کے درمیان جملوں کا بھی تبادلہ ہوا جس کے بعد امپائر مائیکل گف اور خواجہ نے آگے بڑھ کر یہ تلخی ختم کروائی۔

میچ ریفری اینڈی پائکرافٹ نے کوہلی کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا قصوروار پایا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی باضابطہ سماعت کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ کوہلی نے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کی جانب سے عائد کی گئی سزا قبول کرلی۔

کوہلی کو بھی ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا سامنا کرنا پڑا لیکن تاہم ان پر آسٹریلیا کیخلاف سیریز کے پانچویں سڈنی ٹیسٹ میچ نہ کھیلنے کی پابندی نہیں لگائی گئی۔

آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ، جو میزبان براڈ کاسٹر سیون نیٹ ورک کے لیے میچ کی کوریج کر رہے تھے، نے کہا کہ تجربہ کار بیٹسمین کوہلی بظاہر قصوروار تھے۔

پونٹنگ نے کہا کہ اس شخص (کوہلی) کے پاس چند سوالات کا جواب ہو سکتا ہے۔

ان کے بقول جب آپ وہاں بیٹنگ کر رہے ہوتے ہیں، تو بیٹسمین ہی وکٹ کا مالک ہوتا ہے اور خاص طور پر ایسے اوورز کے دوران کریز اس کی ہوتی ہے۔

انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے بھی 36 سالہ کوہلی کو مورد الزام ٹھہرایا۔

فاکس کرکٹ پنڈت کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی تجربہ کار کھلاڑی ہیں تاہم وہ ایک 19 سالہ کھلاڑی سے حسد کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ویرات خود ہی کونسٹاس کے ساتھ ٹکرائے۔

ٹیم میں نیتھن میک سوینی کی جگہ شامل کیے گئے کونسٹاس اس ناخشگوار واقعے سے بے پرواہ دکھائی دیے۔ انہوں نے اگلی گیند پر جسپریت بمراہ کو چار رنز پر آؤٹ کیا اور پھر اسی اوور میں چھکا لگاکر 18 رنز بٹورے۔

آسٹریلیا نے پہلے روز کھیل کے اختتام تک 6 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے، کھیل کے اختتام کے بعد کونسٹاس نے واقعے کو معمولی قرار دیا۔

انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ انہوں نے حادثاتی طور پر مجھے ٹکر مار دی لیکن مجھے لگتا ہے کہ یہ صرف کرکٹ ہے، صرف تناؤ ہے۔

ہندوستان کے اسسٹنٹ کوچ ابھیشیک نیر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ انہوں نے یہ واقعہ نہیں دیکھا تھا اور بڑے کھیل میں جذبات فطری ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لیکن مجھے پورا یقین ہے کہ یہ اتنا بڑا واقعہ نہیں جتنا لگتا ہے۔

بیٹنگ کے ماہر ویرات کوہلی نے پرتھ میں سیریز کے ابتدائی میچ میں سنچری کے ساتھ خراب فارم سے باہر نکلنے کی کوشش کی تھی، لیکن اس کے بعد تین اننگز میں صرف 21 رنز بنا سکے ہیں۔

صبح کے وقت درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ (86 ڈگری فارن ہائیٹ) سے تجاوز کر گیا تھا اور ممکن ہے کہ سلپ پر کونسٹاس کا کیچ ڈراپ ہونے سے ان کا مزاج مزید تلخ ہوگیا ہو۔

کوہلی اس سے قبل کونسٹاس پر اس وقت کھل کر ہنسے تھے جب وہ دو بار بمراہ کو وکٹوں کے پیچھے اسٹروک مارنے میں ناکام رہے۔

کونسٹاس نے اپنی اگلی تین کوششوں میں ٹی 20 طرز کے شاٹ کھیلے اور ہر ایک پر چوکے لگائے۔

دوپہر کے کھانے سے قبل رویندر جدیجا کے ہاتھوں کونسٹاس 65 گیندوں پر 60 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے تھے۔