خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کی تحصیل چاکیسر کے علاقے گنانگر میں منگل کے روز دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم از کم دو پولیس اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے۔
زخمی پولیس اہلکاروں کو بٹگرام کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
2021 میں افغان طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے پاکستان میں دہشت گردی کے حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، تحریک طالبان کی پاکستانی شاخ زیادہ تر سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنا کر حملے کرتی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ پیر کے روز نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیو کے قطرے پلانے والوں کی حفاظت پر مامور ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا تھا۔
ایک سینئر پولیس اہلکار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ حملے کے نتیجے میں موقع پر موجود پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک پولیو ورکر زخمی ہوا۔
پولیس افسر دو ویکسینیٹرز کے ساتھ سفر کر رہا تھا جب موٹر سائیکل سواروں نے ان پر حملہ کیا۔