پاکستان

یونان کشتی حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کی تعداد 4 ہوگئی، دفتر خارجہ

  • ایتھنز میں پاکستانی مشن زندہ بچ جانے والوں کو سہولت فراہم کرنے اور لاشوں کو وطن واپس لانے کے لیے یونانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے
شائع اپ ڈیٹ

دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کے روز ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یونان میں کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم انتہائی افسوس کے ساتھ اعلان کرتے ہیں کہ یونانی حکام کی جانب سے فراہم کی گئی تازہ ترین معلومات کے مطابق یونان کے جزیرے کریٹ کے جنوب میں کشتیاں الٹنے کے واقعات میں مرنے والوں میں چار پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایتھنز میں پاکستانی مشن یونانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ زندہ بچ جانے والوں کو سہولت فراہم کیا اور لاشوں کو وطن واپس لایا جا سکے۔

اس سے قبل ہفتے کے روز تارکین وطن کو لے جانے والی لکڑی کی ایک کشتی جنوبی یونان کے جزیرے گاوڈوس کے قریب الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں کم از کم 5 تارکین وطن کی موت واقع ہوگئی تھی۔عینی شاہدین نے بتایا کہ متعدد افراد اب بھی لاپتہ ہیں جبکہ ان کی تلاش کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے اتوار کو تصدیق کی تھی کہ کشتی حادثے میں مرنے والوں کم از کم ایک پاکستانی شہری بھی شامل ہے جبکہ زندہ بچائے گئے افراد میں 47 شہری بھی شامل ہیں۔

یونان میں مقیم پاکستانی شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مندرجہ ذیل نمبر پر فون یا ای میل کے ذریعے سی ایم یو سے رابطہ کریں:

ٹیلی فون نمبر: 051-9207887

ای میل ایڈریس: cmu1@mofa.gov.pk

لاپتہ پاکستانیوں کے اہل خانہ پاکستانی سفارت خانے کو فون کرکے معلومات فراہم کرسکتے ہیں: +30-6943850188

مشرق وسطیٰ، افریقہ اور ایشیا سے 2015-2016 میں آنے والے تارکین وطن اور پناہ گزینوں کے لیے یونان یورپی یونین کا پسندیدہ گیٹ وے تھا، جب تقریبا 10 لاکھ افراد اس کے جزیروں پر اترے تھے۔

سنہ 2023 میں یونان کے جنوب مغربی ساحلی قصبے پیلوس کے قریب ایک کشتی الٹنے اور بین الاقوامی پانیوں میں ڈوبنے سے سیکڑوں تارکین وطن جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ یہ واقعہ بحیرہ روم میں کشتیوں کے اب تک کے مہلک ترین حادثات میں سے ایک تھا۔