ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل قومی اسمبلی میں پیش
- بل کا مقصد شہریوں کے لیے مربوط ڈیجیٹل شناخت قائم کرنا ہے جس میں مرکزی سطح پر سماجی، اقتصادی اور حکومتی ڈیٹا شامل ہوگا
وفاقی حکومت نے ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل 2024 قومی اسمبلی میں پیش کردیا جس کا مقصد شہریوں کیلئے سماجی، معاشی اور گورننس ڈیٹا کے ساتھ ایک مربوط ڈیجیٹل شناخت قائم کرنا ہے۔
وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ نے پاکستان کی معیشت کی پیپر لیس گورننس اور ڈیجیٹلائزیشن کے حصول کے لیے رواں سال جون میں وفاقی کابینہ کی جانب سے منظور کیا گیا بل پیش کیا تھا۔
اس سے قبل پیر کو اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شزا فاطمہ نے کہا تھا کہ یہ بل قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا اور امید ہے کہ آئندہ چند دنوں میں نیشنل ڈیجیٹل کمیشن (این ڈی سی) کی شکل میں آنے کے بعد اسے قانون کے طور پر منظور کرلیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کمیشن کی سربراہی وزیر اعظم شہباز شریف کریں گے اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اس کا حصہ ہوں گے جبکہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)، نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)، اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) اور دیگر اہم ڈیٹا پولز سمیت ملک کے تمام بڑے ریگولیٹری اداروں کے سربراہان اس کا حصہ ہوں گے۔
کمیشن کے بعد پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی قائم کی جائے گی جو قومی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے ایک مضبوط اور جامع قومی فریم ورک اور ماسٹر پلان بلیو پرنٹ کو یقینی بنائے گی جس کا مقصد معیشت، گورننس اور معاشرے کے تین شعبوں پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔
شزا فاطمہ نے کہا کہ ہم امید کر رہے ہیں کہ پاکستان کے ہر شہری کے لئے ایک مربوط ڈیجیٹل شناخت کی تخلیق کے ساتھ ہم اس ملک میں موجود حقیقی صلاحیتوں کو سامنے لانے کی راہ پر گامزن ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بل کا مقصد پاکستان کی معیشت، گورننس اور خدمات کے شعبے کو بین الاقوامی سطح پر رائج جدید ڈیجیٹل نظام سے ہم آہنگ کرنا ہے۔