وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 18 سے 20 دسمبر 2024 تک مصر کا دورہ کریں گے جہاں وہ قاہرہ میں ہونے والے ڈی ایٹ ممالک کے گیارہویں سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

بیان کے مطابق اجلاس سے قبل وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار 18 دسمبر 2024 کو ڈی ایٹ کونسل آف منسٹرز کے 21 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔

گیارہویں ڈی ایٹ سمٹ کا موضوع ”نوجوانوں میں سرمایہ کاری اور ایس ایم ایز کی مدد کرنا: کل کی معیشت کی تشکیل“ ہے۔

سربراہ اجلاس میں وزیر اعظم ایک مضبوط اور جامع معیشت کی تعمیر، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، جدت طرازی کو فروغ دینے اور مقامی انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے کے لیے نوجوانوں اور ایس ایم ایز میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیں گے۔

وہ ڈی 8 ممالک کے نظریات کے حوالے سے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کریں گے، باہمی فائدے اور خوشحالی کے لیے شراکت داری کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیں گے اور زراعت، فوڈ سیکورٹی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے۔

وہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور مالی ترقی کے لئے پاکستان کی ترغیبات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف غزہ اور لبنان میں انسانی بحران اور تعمیر نو کے چیلنجز پر ڈی ایٹ کے خصوصی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے جس میں مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وہ فلسطین کی صورتحال پر پاکستان کے اصولی موقف کو اجاگر کریں گے اور مشرق وسطیٰ میں امن پر زور دیں گے۔

توقع ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف سربراہ اجلاس کے موقع پر شرکت کرنے والے رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔