عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کے بعد منگل کو پاکستان میں بھی مسلسل دوسرے روز سونے کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 4100 روپے کم ہونے کے بعد 2 لاکھ 74 ہزار 300 روپے ہوگئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن (اے پی جی جے ایس اے) کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت 3 ہزار 515 روپے کمی کے بعد 2 لاکھ 35 ہزار 168 روپے ہوگئی۔
پیر کو پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 4 ہزار 300 روپے کی کمی ہوئی ریکارڈ کی گئی تھی۔
اے پی جی جے ایس اے کے مطابق منگل کو سونے کے بین الاقوامی نرخ میں کمی واقع ہوئی ہے اور سیشن کے دوران 41 ڈالر کی کمی کے بعد فی اونس سونے کی قیمت 2،631 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب چاندی کی فی تولہ قیمت 3 ہزار 400 روپے پر مستحکم رہی۔