نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے دوران ممکنہ دہشت گرد حملوں کی وارننگ جاری کی ہے۔
نیکٹا کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں خبردارکیا گیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران حملوں کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔
نیکٹا کے نوٹی فیکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی گروپ سے وابستہ متعدد حملہ آور پہلے ہی 19 اور 20 نومبر کو پاک افغان سرحد عبور کرکے متعدد ملک کے مختلف شہروں میں داخل ہو چکے ہیں۔
نیکٹا کے تھریٹ الرٹ کے مطابق اس کالعدم گروپ کی جانب سے عوامی اجتماعات اور ریلیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کے دوران فتنہ الخوارج کی جانب سے دہشت گردی کا قابل یقین حد تک خطرہ ہے، بیان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کوکسی بھی ناخوشگوارصؤرتحال سے نمٹنے کے لئے انتہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں کسی کو دھرنا یا اجتماع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔