دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کے پیش نظر کراچی میں ایک ہفتے کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔

اس سلسلے میں کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے نوٹیفیکشن جاری کردیا ۔

دفاعی نمائش آئیڈیاز کے 12 ویں ایڈیشن کا روایتی انداز میں ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے ایکسپو سینٹر میں آج (19 نومبر) سے آغاز ہوگیا ہے جو 22 نومبر تک جاری رہے گی ۔

دفعہ 144 کے تحت پابندی ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس کراچی رینج کی درخواست پرعائد کی گئی ہے۔

ایونٹ کے دوران شہر بھر میں تمام احتجاجی مظاہروں، دھرنوں، ریلیوں اور پانچ سے زائد افراد کے اجتماعات پر پابندی عائد ہے۔

پابندی کا نفاذ دفاعی نمائش میں شرکت کرنے والے مقامی اورغیرملکی شرکا کی سہولت کے لئے کیا گیا ہے۔

دریں اثناء ڈی آئی جی ٹریفک احمد چیمہ نے نمائش کے دوران ٹریفک پلان جاری کردیا ہے۔

اہم تبدیلیوں میں سرشاہ محمد سلیمان روڈ کو حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم تک بند کرنا شامل ہے۔ یونیورسٹی روڈ اور اسٹیڈیم روڈ کو ایکسپو سینٹر سے ملانے والی سڑکیں 19 سے 22 نومبر تک بند رہیں گی۔

ٹریفک پولیس کے جاری پلان کے مطابق صبح 7 بجے سے شام 7بجے تک حسن اسکوائر فلائی اوور سے نیشنل اسٹیڈیم سڑک بند رہے گی۔

کارساز روڈ سے پانی کے ٹینکرز سمیت بھاری اور کمرشل گاڑیوں پر پابندی ہوگی۔

وزیراعظم شہباز شریف نمائش کا تقریب کا افتتاح کریں گے جس میں بین الاقوامی سیمینارز، دفاعی ٹیکنالوجی کی نمائشیں اور بی ٹو بی اور بی ٹو جی مصروفیات کے ذریعے بزنس نیٹ ورکنگ کی جائے گی۔

21 نومبر کو سی ویو (نشان پاکستان) میں ایک خصوصی کراچی شو شیڈول ہے۔

مزید برآں، نمائش میں ایران اور برطانیہ سمیت 55 ممالک شرکت کریں گے۔