پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان میں فائرنگ کے تبادلے میں 4 جوان شہید جبکہ 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ 6 نومبر کو جنوبی وزیرستان کے علاقے کرما میں سیکورٹی فورسز اور خوارج [دہشت گردوں] کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران جوانوں کی مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں 5 خوارج جہنم واصل ہوگئے۔
بیان کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران قوم کے 4 بہادر سپوتوں، نائب صوبیدار طیب شاہ (عمر: 38 سال، رہائش ضلع ٹانک) لانس نائیک گلاب زمان (عمر: 30 سال، رہائش ضلع کرک)، لانس نائیک مزمل محمود (عمر: 30 سال، ضلع کرک) اور لانس نائیک حبیب اللہ (عمر: 28 سال، رہائش ضلع اورکرزئی) نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقوں کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کیلئے آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیوں سے ہمارے عزم کو مزید تقویت ملتی ہے۔
بیان کے مطابق گزشتہ ہفتے جنوبی وزیرستان کے علاقے سروکئی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان کے علاقے کرمہ میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دہشت گردوں کے خلاف جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی چاروں شہید سیکورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بہادر فوجیوں نے بہادری اور عزم کے ساتھ پانچ دہشت گردوں کا خاتمہ کیا۔