وزیر اعظم شہباز شریف سے روسی ہم منصب کی ملاقات

16 اکتوبر 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے 23 ویں اجلاس کے موقع پر اپنے روسی ہم منصب میخائل میشوسٹن سے ملاقات کی ہے۔ یہ بات وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں بتائی گئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں وزرائے اعظم نے دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا اور گزشتہ دو دہائیوں کے دوران پاکستان اور روس کے تعلقات میں مثبت پیشرفت کا ذکر کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں معزز شخصیات نے تجارت، صنعت، توانائی، رابطے، سائنس، ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں مضبوط مکالمے اور تعاون کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیر اعظم شہباز نے ماسکو میں اپنے پہلے غیر ملکی دورے کی یاد تازہ کی اور روس کے ساتھ اس خوشگوار یادوں کو ایک مستقل دوستی میں تبدیل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے روس کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم سمیت کثیر الجہتی فورمز پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

انہوں نے برکس گروپ میں پاکستان کی رکنیت کیلئے کوششوں کی حمایت کرنے پر روس کا بھی شکریہ ادا کیا جو عالمی سطح پر تعاون مضبوط کرنے کی جانب ایک قدم ہے۔

وزیراعظم نے رواں سال جولائی میں آستانہ میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ اپنی نتیجہ خیز ملاقات کا بھی ذکر کیا جس کے دوران انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بامعنی فروغ دینے پر اتفاق کیا تھا۔ انہوں نے روس اور پاکستان کے درمیان براہ راست پروازوں کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان رابطے کو بڑھایا جا سکے۔

روسی وزیر اعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کونسل کے سربراہان حکومت کے 23 ویں اجلاس کے لیے پاکستان کی جانب سے کیے گئے شاندار انتظامات کو سراہا۔

انہوں نے اپنے اور روسی وفد کے پرتپاک استقبال اور مثالی مہمان نوازی پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے روس اور پاکستان کے درمیان موجودہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

دونوں وزرائے اعظم نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں قریبی تعاون برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے عوامی سطح پر تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان لسانی تبادلے اور تجارت اور سرمایہ کاری میں سہولت کے لیے دونوں ممالک کے بینکنگ سیکٹرز کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

Read Comments