چین کے وزیراعظم لی چیانگ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچ گئے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے چینی وزیراعظم کا استقبال کیا، ان کے ہمراہ وزارت خارجہ و تجارت، نیشنل ڈیولپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن اور چائنا انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے وزرا اور سینئر حکام بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران لی چیانگ وزیراعظم شہباز شریف سے تفصیلی بات چیت کریں گے۔
اجلاس میں پاک چین تعلقات کو مضبوط بنانے کے ساتھ سی پیک منصوبے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
دونوں رہنما علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری پر زور دیں گے۔
دورے کے دوران چینی وزیراعظم صدرآصف علی زرداری سے ملاقات کرنے کے ساتھ اہم پارلیمانی رہنماؤں اور پاکستان کے اعلیٰ فوجی حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
یہ بات چیت دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور ہر موسم میں اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو تقویت دینے کا کام کرے گی۔
شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس
پاکستان 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کی کونسل کے دو روزہ اجلاس کی میزبانی کرے گا، جس میں بلاک کے رہنما شرکت کریں گے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کی کونسل کے اجلاس میں معیشت، تجارت، ماحولیات اور سماجی و ثقافتی روابط کے شعبوں میں جاری تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور تنظیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
چین، روس، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کی نمائندگی ان کے وزرائے اعظم کریں گے جبکہ بھارت کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور ایران کے پہلے نائب صدر محمد رضا عریف بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے۔
حکومت نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کی سیکیورٹی کے لیے وفاقی دارالحکومت میں پاک فوج تعینات کی ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق فوجی دستے اسلام آباد کے ریڈ زون کی سیکیورٹی کے ذمہ دار ہوں گے جہاں زیادہ تر ملاقاتیں ہوں گی۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں 14 سے 16 اکتوبر تک 3 روزہ تعطیل کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔