صدر زرداری کا عالمی برادری پر اسرائیلی مہم جوئی روکنے اور امن بحال کرنے پر زور

07 اکتوبر 2024

صدر آصف علی زرداری نے مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی مہم جوئی اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ امن کی بحالی اور تنازع کو بڑھنے سے روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

فلسطین میں اسرائیل کی بربریت کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر حکومت کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں اپنے افتتاحی کلمات میں صدر مملکت نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران اسرائیلی قابض افواج نے 41 ہزار 800 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کرنے کے علاوہ انفراسٹرکچر کو تباہ کردیا۔

کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، وفاقی کابینہ کے ارکان، مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان اور دیگر مرکزی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

صدر نے کہا کہ اسرائیل نے لبنان، شام اور یمن کو نشانہ بنانے کے لیے اپنے حملوں میں اضافہ کیا ہے اور علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ بین الاقوامی برادری اسرائیل کو فلسطینی آبادی بالخصوص غزہ میں نسل کشی کرنے سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ عالمی برادری کو کشیدگی کو کم کرنے اور مزید جانی و مالی نقصان ات اور تنازعات کو خطے کے دیگر حصوں میں پھیلنے سے روکنے کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ فلسطین اور لبنان میں امن و سلامتی کے قیام کی اپنی ذمہ داری پوری کرے۔

انہوں نے 1967 ء سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے ذریعے دو ریاستی حل کے لئے پاکستان کے دہائیوں پرانے موقف کا اعادہ کیا جس کا دارالحکومت القدس ہوگا۔

صدر زرداری نے زور دے کر کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کو حل کیے بغیر مشرق وسطیٰ میں امن کا حصول ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے فلسطین سے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا کا مطالبہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو مشرق وسطیٰ میں امن بحال کرنے کے لیے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی سے روکے۔

صدر مملکت نے مقبوضہ عرب علاقوں بشمول یروشلم سے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا اور فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی بحالی کے پاکستان کے موقف کا اعادہ کیا۔

Read Comments