کراچی میں ہفتے (آج) کو واٹس ایپ صارفین کو موبائل ڈیٹا سے میڈیا فائلیں بھیجنے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔
آوٹیج ٹریکنگ ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق واٹس ایپ صارفین نے صبح 10 بجے سے ہی مسائل کے حوالے سے آگاہ کرنا شروع کردیا تھا۔
اس دوران ضروری سروسز میں رکاوٹ دیکھی گئی ، صارفین کا کہنا تھا کہ وہ موبائل ڈیٹا سے منسلک ہونے کے باوجود میڈیا فائلیں اپ لوڈ نہیں کرپارہے ہیں ۔
تاہم، وائس میسجز اور ویڈیو فائلز کو وائی فائی کنکشنز کے ذریعے بھیجا جاسکتا ہے۔
اس حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا اور وزیر مملکت فہد ہارون کو ایک سوال بھیجا گیا۔ تاہم، بزنس ریکارڈر کو اس رپورٹ کی تیاری تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ سروسز اسی دن متاثر ہوئی ہے جب پاکستان تحریک انصاف راولپنڈی میں احتجاج کررہی ہے۔
پاکستان کو انٹرنیٹ سروسز میں بڑے پیمانے پر مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ایپ ایکس (پہلے ٹوئٹر) کو ملک میں کئی ماہ پہلے سے بند کر دیا گیا ہے۔
میسجنگ ایپ کے صارفین نے گزشتہ ہفتے بھی اسی طرح کی شکایات کی تھیں۔