آرمی چیف کا دہشت گردوں کا نیٹ ورک ختم کرنے کے عزم کا اعادہ

  • جنرل عاصم منیر نے کے پی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی
13 ستمبر 2024

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو مکمل طور پر شکست دینے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ان خیالات کا اظہار ضلع اورکزئی میں دورے کے موقع پر ان دستوں سے خطاب کے دوران کیا جنہوں نے حال ہی میں وادی تیراہ اور گردونواح میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں حصہ لیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف کو سیکورٹی کی مجموعی صورتحال، انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں اور ضم شدہ اضلاع میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے کثیر الجہتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افسران اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے بلند حوصلے اور ہر قسم کے خطرے کا موثر جواب دینے کی تیاری کو سراہا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے دہشت گردوں کے گٹھ جوڑ کو مکمل طور پر شکست دینے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آرمی چیف نے فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی عظیم قربانیوں سے حاصل کردہ امن کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء کی قربانیوں سے انتہائی لگن اور قربانی کے جذبے کے ساتھ لڑنے کے ہمارے عزم کو تقویت ملتی ہے۔

آرمی چیف نے کے پی میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے پی کے پولیس اور دیگر اداروں کو نئے ضم شدہ اضلاع میں اپنے فرائض کی انجام دہی کے قابل بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

آرمی چیف نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے مقامی آبادی کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی معاونت پر ان کی تعریف بھی کی اور کہا کہ علاقے میں امن برقرار رکھنے کے لیے ان کا مثبت کردار انتہائی اہم ہے۔

قبل ازیں آرمی چیف نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔

Read Comments