کارساز حادثہ، ملزمہ کی درخواست ضمانت مسترد

13 ستمبر 2024

کراچی کی سیشن عدالت نے کارساز حادثے میں گرفتار ڈرائیور نتاشا دانش کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کردی۔

سماعت کے دوران ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (ایسٹ) شاہد علی میمن نے فیصلہ سنایا جو قبل ازیں محفوظ کیا گیا تھا۔

6 ستمبر کو نتاشا کو قتل کے معاملے میں اس وقت ضمانت مل گئی تھی جب متاثرہ کے اہل خانہ نے کہا تھا کہ انہوں نے ملزمہ کو معاف کر دیا ہے۔

تاہم منشیات کیس میں ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی گئی۔

متاثرہ خاندان کی جانب سے حلف نامہ میں کہا گیا ہے کہ ہم اسے اللہ کے نام پر معاف کرتے ہیں جو نہایت مہربان اور رحم کرنے والا ہے۔

اہل خانہ نے کہا کہ انہیں ملزمہ کو ضمانت دینے پر کوئی اعتراض نہیں ہے کیونکہ جو حادثہ پیش آیا وہ جان بوجھ کر نہیں کیا گیا تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق ٹویوٹا لینڈ کروزر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں عمران عارف اور ان کی بیٹی آمنہ عارف شدید زخمی ہوگئے۔

بعد ازاں دونوں باپ اور بیٹی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ ایف آئی آر امتیاز عارف کی شکایت پر درج کی گئی تھی جس کے بھائی اور بھتیجی حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا اور اس کے خلاف متعدد الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

Read Comments