سعودی عرب پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے پرعزم ہے، سعودی سفیر

  • سفیر نے عندیہ دیا ہے کہ سعودی تجارتی وفد آنے والے مہینوں میں پاکستان کا دورہ کر سکتا ہے تاکہ مشترکہ منصوبوں کا جائزہ لیا جا سکے، وزارت خزانہ
11 ستمبر 2024

سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان کی معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لئے سعودی عرب کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب سے ملاقات کے دوران کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ نواف بن سعید المالکی نے ڈھانچہ جاتی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ میں حکومت پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔

دریں اثنا ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی مسلسل معاشی حمایت کی تعریف کی۔

انہوں نے سعودی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان کے نجی شعبے کے ساتھ مشترکہ منصوبوں اور کاروباری تعاون میں نئی دلچسپی کو اجاگر کیا۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور کثیر الجہتی تعلقات ہیں۔ سعودی عرب، جہاں 20 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں، پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے۔

دریں اثنا، ملاقات کے دوران، وزیر خزانہ نے اس سال اپریل میں واشنگٹن کے اپنے دورے کے دوران سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد الجدعان اور سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (ایس ایف ڈی) کے سی ای او سلطان عبدالرحمن المرشاد کے ساتھ اپنی مفید ملاقاتوں کا ذکر کیا۔

انہوں نے مئی میں سعودی عرب سے اعلیٰ سطح کے کاروباری وفد کے دورہ پاکستان کے اہم نتائج کا بھی ذکر کیا جس کا مقصد سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنا، دوطرفہ تعاون کو وسعت دینا اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو بڑھانا تھا۔

ملاقات کے دوران سینیٹر اورنگزیب نے کرنسی استحکام، افراط زر میں کمی، ترسیلات زر میں اضافے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا بہتر انتظام اور زرمبادلہ کے ذخائر جیسے اہم اشاریوں کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان کے مثبت معاشی سفر کا خاکہ پیش کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار اقتصادی ترقی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات اہم ہیں، جو حکومت کے پالیسی ایجنڈے کی بنیاد ہیں۔

اورنگزیب نے معیشت کے اہم شعبوں میں جامع ادارہ جاتی اصلاحات پر مرکوز ملکی اقتصادی ایجنڈے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

فنانس ڈویژن کی پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع کے بے پناہ امکانات کا اعتراف کیا۔

انہوں نے عندیہ دیا کہ سعودی تجارتی وفد آنے والے مہینوں میں پاکستان کا دورہ کرے گا جس میں مشترکہ منصوبوں اور مشترکہ سرمایہ کاری کے شعبوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

Read Comments