وزیرخزانہ سے جے پی مورگن کے وفد کی ملاقات، سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت

  • اعلیٰ سطح اجلاس کے دوران فکسڈ انکم سرمایہ کاری کے متلاشی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے مفادات پر تبادلہ خیال
اپ ڈیٹ 04 ستمبر 2024

وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے جے پی مورگن پاکستان کے سی ای او امین محمد خواجہ کی قیادت میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات کی۔

فنانس ڈویژن نے ایک بیان میں کہا کہ ملاقات میں ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی دلچسپی پر توجہ مرکوز کی گئی جو پاکستان کی معیشت میں فکسڈ انکم سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کررہے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ مذاکرات میں قابل تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور مالیاتی شعبے سمیت سرمایہ کاری کے متعدد ممکنہ شعبوں کا احاطہ کیا گیا۔

فنانس ڈویژن نے بتایا کہ سرمایہ کاروں نے ان شعبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کو وسیع امکانات اور علاقائی مارکیٹوں کے گیٹ وے کے طور پر اسٹریٹجک محل وقوع کے ساتھ ایک مارکیٹ کے طور پر تسلیم کیا جہاں غیرملکی سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے خواہاں ہیں۔

وزیر خزانہ نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے سرمایہ کاری کے منصوبوں کو آسان بنانے میں مکمل تعاون کرے گی، اس موقع پرانہوں نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کردار ادا کرنے میں ان کی دلچسپی کا خیر مقدم کیا۔

ملاقات کے دوران محمد اورنگزیب نے اقتصادی محاذ پر ہونے والی پیش رفت پر روشنی ڈالی جن میں برآمدات میں 14 فیصد اضافہ، اگست 2024 میں سی پی آئی افراط زر میں کمی 9.6 فیصد اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں مجموعی کمی شامل ہیں۔

وزیر خزانہ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کی بھی نشاندہی کی جو مستحکم اور امید افزا معاشی نقطہ نظر کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے وفد کو بتایا کہ ملک کی اقتصادی ترقی مضبوط مالیاتی نظم و ضبط، افراط زر کے انتظام اور ادائیگیوں کے سازگار توازن پر مبنی ہے۔

انہوں نے حکومت کے بنیادی اصلاحات کے ایجنڈے پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی جس کا مقصد ٹیکس بیس کو وسیع کرنا، سرکاری شعبے کو حقوق دینا، نجکاری مہم اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات شامل ہیں تاکہ مجموعی طور پر میکرو اکنامک استحکام میں مدد مل سکے۔

ملاقات کے دوران محمد اورنگزیب نے سرکاری اداروں کی کارکردگی اور گورننس کو بڑھانے کے لئے جامع اصلاحاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اصلاحات غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے زیادہ سازگار ماحول پیدا کرنے اور معیشت کے طویل مدتی استحکام کو یقینی بنانے کے لئے ڈیزائن کی گئی ہیں۔

دریں اثنا فنانس ڈویژن نے اپنے بیان میں بتایا کہ وفد نے کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کے لئے حکومت کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہاؤ میں اضافے کے امکانات کے بارے میں امید کا اظہار کیا۔

Read Comments