آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے چینی بری فوج کے کمانڈر کی ملاقات

26 اگست 2024

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے پیپلز لبریشن آرمی گراؤنڈ فورسز کے کمانڈر جنرل لی کیاومنگ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، فوجی تربیت اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران آرمی چیف نے پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان مضبوط تعلقات پر زور دیتے ہوئے جاری دوطرفہ فوجی تعاون کو دونوں ممالک کے درمیان پائیدار تعلقات کا ثبوت قرار دیا۔

معزز مہمان نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی ٹھوس کوششوں کو سراہتے ہوئے پاک فوج کی غیر متزلزل پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کا اعتراف کیا۔

جنرل عاصم منیر نے معزز مہمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

قبل ازیں جنرل ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر جنرل لی کیاومنگ نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

Read Comments