صدر زرداری کا دولت مشترکہ کے ساتھ مضبوط تعاون پر زور

30 جولائ 2024

ریڈیو پاکستان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے ماحولیاتی تبدیلی، تعلیم، پارلیمانی تبادلوں اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری میں دولت مشترکہ کے ساتھ مضبوط تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے دولت مشترکہ کے رکن ممالک کے ساتھ دوستی کے رشتوں کو مزید مضبوط اور فروغ دینے کے لئے پارلیمانی اداروں خاص طور پر نوجوان پارلیمنٹیرینز اور طلباء کے مابین روابط کو بڑھانے پر زور دیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر میں دولت مشترکہ کے سیکرٹری جنرل پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صدر مملکت نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دولت مشترکہ کا بانی رکن ہونے کے ناطے پاکستان رکن ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے اس تنظیم کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

اجلاس میں پاکستان پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کی وجہ سے پاکستان کو بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لئے سندھ میں 20 لاکھ سے زائد مینگرووز لگائے گئے ہیں جس نے بین الاقوامی مارکیٹ میں کاربن کریڈٹ کی تجارت سے 27 ملین ڈالر بھی کمائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے 2022 میں سیلاب کے پیش نظر 20 لاکھ گھروں کی تعمیر شروع کی تھی۔

سیکرٹری جنرل پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے اور اس کے نتائج سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔

انہوں نے پاکستان کے ساتھ دولت مشترکہ کے مضبوط تعلقات پر روشنی ڈالی اور تنظیم کے کام کے لئے پاکستان کی مسلسل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔

صدر مملکت نے سیکرٹری جنرل پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ کی جانب سے پاکستان کے لیے موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات بالخصوص 2022 میں موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے تباہ کن سیلاب کے بعد کی جانے والی ماحولیاتی حمایت کو سراہا۔

Read Comments