وزیراعظم شہباز شریف آئندہ ہفتے ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے، دفتر خارجہ

25 جولائ 2024

دفتر خارجہ نے جمعرات کو بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف 30 جولائی کو ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے تہران جائیں گے۔

پریس بریفنگ میں دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر غالب کی دعوت پر تقریب میں شرکت کریں گے۔

ترجمان نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کی قیادت کی سطح پر دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کی تصدیق کرتا ہے۔

ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری 30 جولائی 2024 کو ہوگی جنہوں نے اس ماہ کے شروع میں ایران کے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔

یہ انتخابات مئی میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی کی موت کے بعد کرائے گئے تھے۔

Read Comments