پاکستان

دفتر خارجہ کی فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصلیٹ پر حملے کی مذمت

  • شدت پسندوں کے ایک گروہ نے حملہ کرکے عملے کی زندگیاں خطرے میں ڈالیں، دفتر خارجہ
شائع اپ ڈیٹ

دفتر خارجہ (ایف او) نے اتوار کو فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے پر ایک روز قبل ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی اور جرمن حکام پر اس کے احاطے کی حفاظت میں ناکامی کا الزام لگایا۔

آج نیوز کے مطابق افغان شہریوں کے ایک گروپ نے جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، کچھ لوگوں نے زبردستی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

میڈیا کو ایک بیان میں دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ حملہ ”شدت پسندوں کے ایک گروہ“ نے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے کی سیکورٹی کو پامال کیا گیا جس سے عملے کی جانیں خطرے میں پڑ گئیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ قونصلر تعلقات پر ویانا کنونشن 1963 کے تحت یہ میزبان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ قونصل خانے کے تقدس کا تحفظ کرے اور سفارت کاروں کی حفاظت کو یقینی بنائے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم جرمن حکومت کو اپنا شدید احتجاج ریکارڈ کرارہے ہیں۔

دفتر خارجہ نے جرمن حکومت پر زور دیا کہ وہ ویانا کنونشن کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے اور جرمنی میں پاکستان کے سفارتی مشنز اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنائے۔

پاکستان نے جرمن حکام پر بھی زور دیا کہ وہ کل کے واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری اور قانونی کارروائی کے لیے فوری اقدامات کریں اور سیکیورٹی میں کوتاہی کے ذمہ داروں کا محاسبہ کریں۔