کالعدم ٹی ٹی پی کیساتھ مذاکرات کا کوئی ارادہ نہیں، دفتر خارجہ

11 جولائ 2024

ریڈیو پاکستان کی خبر کے مطابق پاکستان نے جمعرات کو واضح کیا ہے کہ اس کا کالعدم عسکریت پسند تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیم پاکستان کے اندر پاکستانی اور غیر ملکی شہریوں کے قتل کی ذمہ دار ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم افغان حکام سے توقع کرتے ہیں کہ وہ اپنی خودمختاری کو برقرار رکھیں گے اور ان دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کریں گے جنہوں نے افغانستان کے اندر پناہ گاہیں تلاش کر رکھی ہیں اور پاکستان کے خلاف دہشت گرد حملوں کے لئے افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے منصوبے پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا پہلا مرحلہ تکمیل کے قریب ہے، انہوں نے عندیہ دیا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں بشمول افغانوں کو ان کے آبائی ممالک واپس بھیجا جائے گا۔

ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان نے منصوبے کی معطلی کے لیے یو این ایچ سی آر کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ حکومت نے افغان مہاجرین کے پروف آف رجسٹریشن کارڈز کی مدت میں ایک سال کی توسیع کی منظوری دی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان کثیر الجہتی اور مضبوط شراکت داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ تعلقات باہمی احترام، خودمختاری کی مساوات اور ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کی بنیاد پر آگے بڑھیں گے۔

Read Comments